محکمہ زراعت خیبرپختونخوا میں بھونچال:مشیر زراعت آصف رفیق کا ہنگامی اجلاس، غیر ضروری منصوبوں پر تالے لگانے اور فوری آڈٹ کے احکامات جاری!

گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت، بلدیات، ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ، مواصلات و تعمیرات، لائیوسٹاک اور فشریز آصف رفیق نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں جدید تحقیق، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے نہ صرف غذائی خودکفالت حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ زرعی اجناس کی درآمدات میں نمایاں کمی اور برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ زراعت کے امور سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری زراعت عامر آفاق، اسپیشل سیکرٹری زراعت زین اللہ، محکمہ زراعت کے تمام ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر زراعت آصف رفیق نے محکمہ زراعت کے تمام فارمیشنز کو مزید مضبوط اور فعال بنانے، آئندہ پانچ اور دس سالہ مارکیٹ اہداف مقرر کرنے اور زرعی تحقیق کے عملی نتائج میدان میں لانے کی واضح ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات کے پیشِ نظر زیادہ پیداوار دینے والی اقسام (ہائی ییلڈنگ ورائٹیز)، سبزیوں اور دیگر اجناس کی بہتر اقسام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ بنجر اراضی کو قابلِ کاشت بنانے اور زیتون، شہد، بلیک بیری اور سٹرابیری سمیت دیگر منافع بخش زرعی شعبوں کو ہنگامی بنیادوں پر فروغ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ان شعبوں کی ترقی کے غیر معمولی مواقع موجود ہیں تاہم اب وقت آگیا ہے کہ تحقیق اور منصوبہ بندی کے ثمرات عملی طور پر کاشتکاروں تک پہنچیں۔

مشیر موصوف نے محکمے میں شفافیت اور کاشتکاروں کی فلاح کے لیے درج ذیل اہم احکامات جاری کیے:

سروسز سینٹرز اور کھاد کی فراہمی:
ماڈل فارمز سروسز سینٹرز کی رجسٹریشن، زمینداروں کو مناسب قیمت پر کھاد کی بلا تعطل فراہمی اور فارم میکانائزیشن کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

تھرڈ پارٹی آڈٹ اور ای ٹینڈرنگ:
فارم سروس سینٹرز کے معاملات میں مکمل شفافیت یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے جبکہ ای پروکیورمنٹ اور ای ٹینڈرنگ کے ذریعے خریداری کے پورے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنایا جائے۔

ڈیجیٹل آگاہی مہم:
محکمہ زراعت کے تمام متعلقہ شعبے اپنی روزمرہ سرگرمیوں، تحقیقی کامیابیوں اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو ویڈیوز کی صورت میں دستاویزی شکل دے کر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کریں تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی سامنے آئے اور عوامی آگاہی میں اضافہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں : روس کے خطے سائبیریا میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 17 ہلاک

آصف رفیق نے مزید کہا کہ زرعی ترقی صوبائی ترجیحات میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے اور اگر جدید تحقیق، مؤثر حکمتِ عملی اور کسان دوست اقدامات کے ذریعے زرعی انقلاب برپا کیا جائے تو نہ صرف غذائی ضروریات مقامی سطح پر پوری ہوں گی بلکہ صوبہ زرعی پیداوار میں خودکفالت کی جانب تیزی سے گامزن ہو سکتا ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں ہدایت کی کہ غیر ضروری منصوبوں کی فی الفور بندش اور بہترین فیصلہ سازی (آپٹیمل ڈیسژن میکنگ) کو یقینی بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

Scroll to Top