عباس خان
باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ نےسرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر پیٹرول فروخت کرنے پر متعدد پیٹرول پمپس کو سیل کر دیا۔
عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر خار عامر اللہ خان وزیر نے انتظامی اور پولیس حکام کے ہمراہ مختلف پیٹرول پمپس کا اچانک معائنہ کیا۔
اس مشترکہ کارروائی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی، تحصیلدار خار، تحصیلدار ناواگئی اور ڈی ایس پی خار بھی شریک تھے۔
معائنے کے دوران سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر پیٹرول فروخت کرنے والے متعدد پمپ مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور ضابطے کی خلاف ورزی پر کئی پیٹرول پمپس کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
ضلعی انتظامیہ نے تمام پیٹرول پمپ مالکان کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ حکومتی نرخوں پر پیٹرول کی فروخت کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
حکام کاکہنا تھا کہ ناجائز منافع خوری اور گرانفروشی کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔





