کہیں دیر نہ ہو جائے، پولیو کے خاموش وار سے بچوں کو بچائیں، ضلعی انتظامیہ کی والدین کو اہم ہدایات

لکی مروت: ضلع لکی مروت میں انسدادِ پولیو کی 4 روزہ قومی مہم 2 نومبر سے باقاعدہ شروع ہو رہی ہے، جو 5 نومبر 2026ء تک جاری رہے گی۔

مہم کے دوران ضلع کی تمام 40 یونین کونسلز میں 5 سال سے کم عمر کے 1 لاکھ 71 ہزار 627 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاکہ مستقبل کے معماروں کو اس موذی اور معذور کر دینے والی بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر لکی مروت کے مطابق پولیو مہم کے کامياب انعقاد کے لیے تمام تر انتظامی و حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مہم کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے 1 ہزار 20 تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو ضلع بھر میں فرائض انجام دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : خون کی گردش بہتر بنانے میں مددگار 10 غذائیں، روزمرہ خوراک میں شامل کرنا مفید

تمام بچوں تک رسائی کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے 929 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی، جبکہ 52 فکسڈ ٹیمیں مقررہ مراکز اور 39 ٹرانزٹ ٹیمیں آمد و رفت کے اہم مقامات اور چوراہوں پر تعینات رہیں گی۔

مہم کو شفاف اور موثر بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیموں کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کے لیے 46 یونین کونسل چیئرپرسنز اور 261 ایریا انچارجز کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے والدین اور علاقائی مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے تمام 5 سال تک کے بچوں کو قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ضلع لکی مروت کو پولیو سے مکمل پاک کیا جا سکے۔

Scroll to Top