اسلام آباد: پاکستان کے معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عالمی اور مقامی سرمایہ کاروں کو بڑی پیشکشیں کر دی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے 5 ارب روپے تک رعایتی فنانسنگ، قرضوں پر سود کی ادائیگی حکومت کی جانب سے کرنے اور زمین رعایتی لیز پر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی سرمایہ کاروں کو سکیورٹی اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
اسلام آباد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنی ذخائر کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنے منصوبوں پر کام کرسکیں۔ اس مقصد کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا گیس کی پیداوار کے لحاظ سے ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے اور صوبائی حکومت کان کنی کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگردوں کی ہر گھناؤنی چال ناکام، ڈی آئی خان پولیس کے جرأت مندانہ دفاع نے دشمن کو رلا دیا
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سکیورٹی اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی فورسز سرمایہ کاروں کے تحفظ کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں تاثر اور زمینی حقیقت میں فرق ہے، صوبے کے عوام سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ریکوڈک منصوبہ 2029 تک فعال ہونے کی توقع ہے، جبکہ سارونا کے علاقے میں تیل اور گیس کے ایسے ذخائر کے امکانات ہیں جو سوئی کے ذخائر سے بھی بڑے ہوسکتے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بلوچستان حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے سوئی میں کھاد کا صنعتی شہر قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو اس منصوبے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت انہیں سکیورٹی اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ضم اضلاع کے نوجوان امن کے سفیر بنیں، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، گورنر خیبرپختونخوا
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرانے اور سرکاری محکموں کی غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان مائنز اینڈ منرلز ایکٹ صوبائی اسمبلی نے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظور کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں شفاف قواعد و ضوابط اور مسابقتی کاروباری مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ کے ذریعے سرمایہ کاروں کو لائسنس اور دیگر ضروری امور میں رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو 5 ارب روپے تک رعایتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جبکہ قرضوں پر سود حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ سرمایہ کاروں کو زمین بھی رعایتی لیز پر دی جائے گی اور کاروبار شروع کرنے کے لیے سرکاری منظوریوں اور لائسنس کے حصول میں بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ماضی کی تلخیاں پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھ رہے ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی کا مثبت پیغام لے کر لاہور آمد
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں وزارت معدنیات کی آمدن ان کے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے وقت 10 ارب روپے تھی، جو ڈھائی سال میں بڑھ کر 40 ارب روپے ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زمرد، سنگ مرمر، گرینائٹ، سونا، قیمتی پتھر، تانبا اور پنک سالٹ سمیت متعدد معدنی وسائل موجود ہیں، جبکہ ضلع چنیوٹ میں 26 کروڑ 15 لاکھ ٹن خام لوہے کے ذخائر ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے پانچ دریاؤں میں سونے کے ذرات موجود ہیں اور میانوالی و اٹک کے علاقوں میں اس حوالے سے سروے اور مطالعات جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے دریائی سونے کا نمونہ بھی پیش کیا اور کہا کہ حکومت ان معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے عالمی شراکت داروں کی تلاش میں ہے۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو سولر توانائی کے نظام کی فراہمی کے اخراجات میں بھی حکومتی تعاون حاصل ہوگا، جبکہ خوشاب کے مخصوص صنعتی زون میں کسٹم ڈیوٹی کی چھوٹ بھی دی جائے گی۔پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں وفاقی اور صوبائی حکومتی عہدیداروں، غیر ملکی سرمایہ کاروں، عالمی کان کنی کمپنیوں کے نمائندوں اور ماہرین نے شرکت کی۔
فورم میں معدنی ذخائر کی تلاش، منصوبوں کی مالی معاونت، کان کنی کے بنیادی ڈھانچے، عالمی شراکت داری اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
فورم کا بنیادی مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر اور غیر دریافت شدہ وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے ان سے معاشی فوائد حاصل کرنا ہے۔





