وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ (ایچ بی ایل پی ایس ایل 11) کے مداحوں کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے پلے آف میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔

وزیراعظم نے پی ایس ایل 11 کے پلے آف میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ (ایچ بی ایل پی ایس ایل 11) کے مداحوں کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے پلے آف میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔

اس اہم فیصلے کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام کے ذریعے کیا۔

محسن نقوی نے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے پی ایس ایل کے تینوں پلے آف میچز میں عوام کی شرکت کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب کرکٹ شائقین اسٹیڈیم جا کر اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کر سکیں گے۔

فیصلے سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کی جانب سے بقیہ میچز میں تماشائیوں کی شرکت کے لیے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا، جسے اب حکومت نے تسلیم کر لیا ہے۔

محسن نقوی نے اپنے پیغام میں تماشائیوں کے لیے ایک اہم شرط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے یہ اجازت کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت دی ہے۔

تماشائیوں سے پرزور گزارش کی گئی ہے کہ وہ اسٹیڈیم آنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا انتخاب کریں یا نجی گاڑیوں میں ایندھن کا استعمال کم سے کم کریں تاکہ قومی بچت کی مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

وزیر داخلہ نے پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تماشائیوں کی موجودگی میں اب یہ مقابلے مزید سنسنی خیز اور دلچسپ ہوں گے۔

Scroll to Top