اسلا م آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
امیر العظیم 1958ء میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی عملی زندگی کے آغاز ہی سے اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستگی اختیار کی اور مختلف تنظیمی ذمہ داریاں نبھائیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری امیر العظیم انتقال کرگئے ہیں۔ ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر العظیم پچھلے کئی دنوں سے کینسر جیسے موذی مرض کے باعث شدید علیل تھے۔ امیرالعظیم زمانہ طالب علمی میں پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے منتخب صدر رہے اور اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم… pic.twitter.com/HpURexsI4a
— Times of Karachi (@TOKCityOfLights) July 22, 2026
وہ اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظمِ اعلیٰ بھی رہے، جبکہ پنجاب یونیورسٹی طلبہ یونین کے منتخب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
تعلیمی اعتبار سے انہوں نے اسلامیہ اسکول سنت نگر سے میٹرک، اسلامیہ کالج ریلوے روڈ سے ایف ایس سی، اسلامیہ کالج سول لائنز سے فزکس اور ڈبل میتھ کے ساتھ بی ایس سی، جبکہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
جماعت اسلامی میں انہوں نے طویل عرصے تک مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں : جماعت اسلامی کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان
بعد ازاں جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹری جنرل اور امیر رہے، جبکہ جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر کی ذمہ داریاں بھی ادا کیں۔
سال 2019ء میں اُس وقت کے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انہیں جماعت اسلامی کا مرکزی سیکرٹری جنرل مقرر کیا۔
بعد ازاں 2024ء میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بھی ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اسی عہدے پر برقرار رکھا۔
امیر العظیم کی وفات سے جماعت اسلامی ایک تجربہ کار، نظریاتی اور طویل تنظیمی خدمات انجام دینے والے رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔





