آج پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائیر میں آمنے سامنے ہوں گے

ایچ بی ایل پی ایس ایل الیون کے کوالیفائر مرحلے میں آج ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم پشاور زلمی اور دوسرے نمبر پر موجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان اہم مقابلہ کھیلا جائے گا، جس کا فیصلہ فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

پشاور زلمی کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے مطابق ٹیم کے اہم بیٹر اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر کوشال مینڈس مکمل فٹ ہیں اور آج کے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، جس سے ٹیم کو بیٹنگ لائن اپ میں مضبوطی حاصل ہوگی۔

گیارہویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دس میں سے آٹھ میچز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ اسے صرف لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اعداد و شمار کے مطابق کوشال مینڈس 500 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں، جبکہ کپتان بابر اعظم 485 رنز کے ساتھ نمایاں بلے بازوں میں شامل ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں سفیان مقیم 19 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں چھ میچز جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی ہے اور وہ بھی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل میں پشتو کمنٹری، شائقین کے لیے بڑی خوشخبری

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان لیگ مرحلے کا ایک میچ بارش کے باعث متاثر ہوا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ تین مرتبہ جبکہ پشاور زلمی ایک بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیت چکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ اہم مقابلہ آج شام سات بجے کھیلا جائے گا اور براہ راست نشریات جیو سوپر اور مائیکو پر نشر کی جائیں گی۔

Scroll to Top